حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یورپ میں آیت اللہ سیستانی کے نمائندہ حجت الاسلام والمسلمین کشمیری نے امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی میلاد کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: تمام آسمانی ادیان حضرت حجت ابن الحسن عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے حتمی ظہور کے قائل ہیں اور ان کا نظریہ ہے کہ بشریت کو ظلم، طاغوت استبداد سے نجات دینے والا ضرور آئے گا۔
انہوں نے مزید کہا: ظلم و ستم سے ستائے ہوئے انسانوں کا دفاع کرنے والے امام مہدی منتظر عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف ہیں اور اپنے ظہور سے دنیا کو عدل و انصاف سے بھر دیں گے۔
حجت الاسلام والمسلمین کشمیری نے کہا: ظلم و ستم سے نجات پوری انسانیت کی مشترکہ آرزو ہے۔ یہودی منجیٔ عالم بشریت کے قائل ہیں لیکن ان کے ہاں مشخص نہیں ہے کہ منجیٔ عالم بشریت کی علامات کیا ہیں اور وہ کہاں سے ضرور کریں گے۔ اسی طرح مسیحی بھی منجیٔ عالم بشریت کے ظہور کے قائل ہیں اور یہ بات ان کی مقدس کتاب میں بھی آئی ہے۔اس کے علاوہ بودائی اور دیگر ادیان بھی منجیٔ عالم بشریت کے ظہور کے قائل ہیں۔
آیت اللہ سیستانی کے نمائندہ نے کہا: حضرت مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے صرف شیعہ امامیہ ہی قائل نہیں ہیں بلکہ یہ تمام مسلمانوں کا عقیدہ ہے۔ اس بارے میں روایات بہت زیادہ ہیں اور تواتر کی حد تک پہنچی ہوئی ہیں۔ شیعہ امامیہ، اہل سنت، مدنی، کوفی، بغدادی، معتزلی، اشعری، اہل حدیث اور علماء قرن اول و دوم نے امام مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے متعلق روایات نقل کی ہیں۔
حجت الاسلام والمسلمین کشمیری نے کہا: توحید کے سوا اسلام کے کسی مسئلہ میں اتنی زیادہ روایات نہیں ہیں اور تمام اصلی منابع و مآخذ اور فریقین کی کتب میں امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے متعلق احادیث موجود ہیں۔